ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / اب مودی نے 2022میں وعدہ وفاکرنے کاوعدہ کرڈالا 

اب مودی نے 2022میں وعدہ وفاکرنے کاوعدہ کرڈالا 

Sun, 05 Mar 2017 12:20:42  SO Admin   S.O. News Service

بنارس، 4؍مارچ(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا )آج کا دن بنارس کے حساب سے اور ملک کے حساب سے تاریخی ہے، چھٹے مرحلے کی ووٹنگ کے درمیان آج بنارس میں سیاسی سورماؤں کا میلہ لگ رہا ہے۔یہ پہلا موقع ہے جب بنارس میں ایک ساتھ تقریبا سبھی بڑی پارٹیوں کے بڑے لیڈران سڑکوں پر اتر ے ہیں۔بنارس کی سڑکوں پر وزیر اعظم نریندر مودی کا روڈ شو نکلا، اس دوران مودی نے کاشی وشوناتھ اور کال بھیرو کا درشن بھی کیا ۔بنارس میں روڈ شو کے بعد وزیر اعظم مودی جونپور میں ریلی سے خطاب کر نے پہنچے ، یہاں وزیر اعظم نے کہا کہ جونپور کی زمین، بہادروں کی سرزمین ہے، میں اس کو سلام کرتا ہوں،کچھ لوگ ملک کے بہادر جوانوں پر سوال کھڑا کرنے لگے ہیں ، یہ افسوس ناک بات ہے، ملک کی سلامتی بھی ان کی سیاست کا ہتھکنڈہ بن گئی ہے، پہلے فوج کے لوگوں کی بات نہیں سنی جاتی تھی، لیکن بی جے پی کی حکومت بنتے ہی او آر او پی نافذ کر دیا گیا، اب تک ہم نے ساڑھے 6ہزار کروڑ او آر او پی کے تحت دیا ہے، باقی اگلے بجٹ میں دیں گے ۔وزیر اعظم نے کہا کہ 11؍مارچ کو ایس پی، بی ایس پی اور کانگریس کا سوپڑا صاف ہونے والا ہے، آپ مجھے اکثریت دیجئے، میں آپ کو 2022میں اپنا حساب دوں گا، اب تک کے انتخابات میں یو پی کی عوام بی جے پی کو جیت دلا چکی ہے، اب جو بھی ہوگا وہ بونس ہو گا، بی جے پی کا ایک ہی منتر ہے، سب کا ساتھ سب کاوکاس ، جبکہ کچھ پارٹیوں کا منتر ہے، کچھ کا ہی ساتھ کچھ کا ہی وکاس ۔مودی نے کہا کہ جن لوگوں نے یوپی کو تباہ کیا ہے، 8 تاریخ کو ان کو پنڈ دان کرنے کا کام کرنا ہے۔نوٹ بند ی کے بعد ’بوا جی‘ کو بھی تکلیف ہوئی ، بوا جی کے بھتیجے کو بھی تکلیف اور بھتیجے کے یار کو بھی تکلیف ہونے لگی۔ایس پی -کانگریس گایتری پرجاپتی منتر کا جاپ کرتی ہیں، جس گایتری کو پولیس ڈھونڈ رہی ہے، اس کے جلسہ میں وزیر اعلی اس کے لیے ووٹ مانگتے ہیں۔


Share: